گوجرانوالہ: ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد انیس ہوگئی،حادثے کی تحقیقات کے لیے ریلوے اور فوج کے اعلیٰ افسران پر مشتمل سات رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
گوجرانوالہ میں چھناواں پل پر حادثے کا شکار ٹرین کی بوگیوں اور انجن کو نکالنے کے لیے امدادی کاروائیاں جاری ہیں، حادثے کا شکار پل پر سے گاڑیوں کی آمدو رفت معطل ہے اور ٹرینوں کو متبادل راستے سے گزارا جا رہا ہے ،ٹرینیں سرگودھا اور فیصل آباد کے راستے سے راولپنڈی جا رہی ہیں ، دوسری جانب وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حادثے کے شہداء کے ورثاء کو مالی امداد دی جائے گی اور حادثے کی تحقیقات کے لیے سات رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز میاں محمد ارشد کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں ایڈیشنل جنرل مینجر مکینکل لیاقت چغتائی ، ایڈیشنل جنرل مینجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، چیف مکینیکل انجینئر لوکو موٹیوز مجید بیگ شامل ہیں، کمیٹی میں فوجی افسران میجر جنرل شہزاد سکندر، بریگیڈئیر نسیم بیگ اور کرنل محمد فہیم بھی شامل ہیں جو جلد اپنی رپورٹ پیش کریں گے