پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کا چارج ہارون رشید سے لے عثمان واہلہ کے حوالے کردیا ہے۔
یہ ایک انتہائی اہم انتظامی تبدیلی ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے دوست ذاکر خان کو فی الحال کوئی پوسٹ نہیں ملے گی اور وہ بدستور او ایس ڈی کی حیثیت سے تنخواہ اور مراعات حاصل کرتے رہیں گے۔عثمان واہلہ جو پاکستان کرکٹ بورڈ میں منیجر میڈیا کی حیثیت سے آئے تھے اب ترقی کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کے انچارج بن گئے ہیں۔ وہ ملکی اور غیر ملکی سیریز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات کو بھی براہ راست دیکھیں گے۔عثمان واہلہ کی تنخواہ اور مراعات میں اضافے کے ساتھ ساتھ اب وہ اپنے شعبے میں پہلے سے زیادہ با اختیار ہوگئے ہیں۔ عثمان واہلہ نے حال ہی میں ٹیسٹ کھیلنے والے دیگر ملکوں کے ساتھ پاکستانی ٹیم کا فیوچر ٹور پروگرام بھی بنایا تھا۔