آج شام اور رات ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں آندھی اور بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کا موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم آج شام اور رات ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، مردان، پشاور، کوہاٹ ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے جبکہ ڈی آئی خان، ڈی جی خان، بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا، کوئٹہ، سکھر، میرپورخاص اور حیدرآباد ڈویژن میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے، آج صبح سویرے کراچی کا درجہ حرارت انتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، لاہور میں درجہ حرارت ستائیس، پشاور چھبیس، اسلام آباد اکیس، کوئٹہ انیس، گلگت اور چترال پندرہ، جبکہ ہنزہ میں بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، جیکب آباد میں سب سے زیادہ گرمی پڑی، جہاں درجہ حرارت اکیاون ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہوئی، سب سے زیادہ بارش جہلم میں سترہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔