سعید اجمل سے قسمت کی دیوی روٹھ گئی، انتظامیہ کا کرکٹ اکیڈمی جگہ خالی کرنے کا نوٹس

کرکٹ کے میدان میں ہر کسی کے چھکے چھڑانے والے آف سپنر سعید اجمل سے قسمت ایسی روٹھی کہ ابھی تک لوٹ کر نہ آئی۔ پہلے آف سپنر کو میدانوں سے خیر باد کہا گیا۔ اب کرکٹ اکیڈمی کا خواب بھی چکنا چور ہونے کے قریب پہنچ گیا۔ فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی انتظامیہ نےسعید اجمل کوکرکٹ اکیڈمی کی جگہ خالی کرنے کانوٹس تھما دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تین دن کے اندر کرکٹ اکیڈمی کی جگہ خالی کی جائے۔ تاہم سعید اجمل نے یونیورسٹی انتظامیہ کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ اکیڈمی پر چھے کروڑ روپے خرچ کر چکے ہیں، اس لیے وہ اسے اب خالی نہیں کر سکتے انہوں نے بتایا کہ ان کیساتھ یونیورسٹی انتظامیہ نے بدسلوکی کی، اور انہیں اکیڈمی کے اندر جانے نہیں دیا گیا۔ جبکہ دھکے بھی مارے گئے، آف سپنر نے بتایا کہ یونیورسٹی نے اکیڈمی پر ایک پائی بھی نہیں لگائی. کھنڈر جگہ کو انہوں نے کرکٹ اکیڈمی میں تبدیل کیا ، انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں ستر لاکھ کا سامان موجود ہے، اور اگر انہیں اکیڈمی بنانے سے روکا گیا تو وہ احتجاجاً گیارہ نومبر کو تمام سامان کو آگ لگا دیں گے