دہشت گردی کی لہر کو ختم کرکے دکھائیں گے، محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، وفاقی حکومت ہر طریقے سے بلوچستان حکومت کی مدد کررہی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی لیپس کو بھی دیکھا جارہا ہے، دہشت گردی کا مقابلہ مل کر کرنا ہے اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کو سوچنا ہوگا یہ کون لوگ ہیں جو لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں، دہشت گردی کے کچھ واقعات کو روکا بھی گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کوئی قوم یا مذہب نہیں ہوتا، انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے، انسانی حقوق کے علمبردار ایسے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے۔ واضح رہے کہ آج بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق و زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔