بھارتی فوج فنڈز کی بچت کیلئے کنٹونمنٹ علاقے ختم کرنے پر غور کرنے لگی
بھارتی فوج فنڈز کی بچت کیلئے کنٹونمنٹ علاقے ختم کرنے پر غور کرنے لگی،کنٹونمنٹ کے علاقوں کے اندر موجود ملٹری ایریاز کو ملٹری اسٹیشن بنایا جا سکتا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج ملک بھر میں پھیلے ہوئے کنٹونمنٹ کے علاقوں کو ختم کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ فنڈز کی بچت کی جا سکے۔ برطانوی فوج کے تحت ڈھائی سو سال پہلے ہندوستان بھر میں چھائونیاں یا کنٹونمنٹ علاقے قائم کیے گئے تھے۔بھارتی فوج نے وزارت دفاع سے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں کے اندر موجود ملٹری ایریاز کو ملٹری اسٹیشن بنایا جا سکتا ہے جبکہ کنٹونمنٹ کے سویلین علاقوں کو مقامی میونسپل حکام کے حوالے کرنے کی تجویز ہے۔بھارت میں اس وقت 62کنٹونمنٹ علاقے ہیں جہاں فوجی اور سویلین شہریوں کی کل آبادی پچاس لاکھ ہے، بھارت میں کنٹونمنٹ علاقوں کی بحالی کا بجٹ اس سال 476کروڑ روپے تھا۔