چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کا مرکزی شکایات سیل کا دورہ
چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے مرکزی شکایات سیل کا دورہ کیا ہے۔انہوں نے شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ میڈیافیلڈ میں ہونیوالی شکایات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے،فیلڈ میں مشکلات کی شکایات مرکزی شکایات سیل سے شیئر کریں۔ چیف الیکشن کمشنر کے ہمراہ ممبربلوچستان شکیل بلوچ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب بھی موجودتھے۔ترجمان ندیم قاسم نے انتخابی شکایات سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 10 شکایات موصول ہوئیں ہیں جس کے متعلق آر او کو احکامات جاری کر دئیے گئے ۔ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سعد رفیق کے بیان سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کوآگاہ کیا گیا، سعد رفیق نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاسپورٹ بلاک کئے گئے،تارکین وطن اپنی رجسٹریشن زائد المیعاد پاسپورٹ پر بھی اپنے آپ کو رجسٹرڈ کر سکتے تھے، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے 17 ستمبر تک کی گئی۔ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے چیف الیکشن کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک 2800 سمندر پار پاکستانی ووٹ کاسٹ کر چکے، بلوچستان سے تعلق رکھنے والا صرف ایک سمندر پار پاکستانی رجسٹرڈ ہوا جس نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے چیف الیکشن کمشنر کو آئی ووٹنگ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت آئی جس پر انہیں معلومات فراہم کی گئیں۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے کہا کہ میڈیافیلڈ میں ہونیوالی شکایات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے،فیلڈ میں مشکلات کی شکایات مرکزی شکایات سیل سے شیئر کریں۔