سعودی عرب: والد کے قاتل کا سرقلم کر دیا گیا
سعودی عرب میں اپنے والد کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو نذرآتش کرنے کے جرم میں قصاص کے سزا یافتہ ایک مجرم کی سزا پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس کا سر قلم کردیا۔ سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی بن محمد بن ساری القحطانی نے اپنے والد کو قتل کردیا تھا۔ پولیس نے مجرم کو حراست میں لینے کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی تو مجرم نے اپنے والد کو قتل کرنے کے جرم کا اعتراف کرلیا۔ تمام شواہد اور ثبوت ملنے کے بعد عدالت نے شاہی فرمان کے تحت مجرم کو قصاص میں سزائے موت سنائی تھی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مملکت میں سماجی جرائم کی کوئی گنجائش نہیں اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ اللہ کی حدود کو پامال کرنے والوں کو اسلامی شریعت کے مطابق سزا دی جائے گی۔