سعودی ولی عہد کے لیے پاکستانی وزیراعظم کا خاص تحفہ تیار ہوگیا
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر مہینے بھر سے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں پاکستانی وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کے لیے ایک خاص تحفہ تیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔سعودی ولی عہد کا حالیہ دورہ پاکستان کی نہ صرف معاشی صورت حال بلکہ سفارتی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ اس خاص دورے کی مناسبت سے وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد کو پشاور کی مشہور چپل کے چار جوڑے تحفے میں دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی پشاوری چپل کو ملک بھر میں بے حد مقبولیت حاصل ہے۔ ان کا قمیض شلوار کے ساتھ پشاوری چپل پہننے کا انداز اس قدر مقبول ہوا کہ اس اسٹائل کی تقلید کرنے والوں میں نوجوانوں کے علاوہ دیگر رہنما بھی شامل ہوگئے۔ تاہم اب وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا یہ ثقافتی رنگ دنیا بھر میں مقبول ہوگا۔وزیر اعظم عمران خان کی پشاوری چپل کا ذکر کاریگر نور الدین کے بغیر بالکل ادھورا ہے۔پشاور سے تعلق رکھنے والے نورالدین کے ہاتھوں سے بنی چپل وزیر اعظم کے علاوہ صدر پاکستان کو بھی بطور تحفہ پیش کی جاچکی ہیں۔ میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کے لیے پشاوری چپل کا تحفہ بھی کاریگر نور الدین نے ہی تیار کیا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو بھی کاریگر نور الدین کے ہاتھ کی پشاوری چپل بہت پسند تھی۔ انہوں نے 2015 میں عید کے موقع پر بھورے رنگ کی چپل کا آرڈر دیا تھا اور بعد میں کالے رنگ کی پشاوری چپل بھی بنوائی تھی۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کے لیے بھی بھورے اور کالے رنگ کی پشاوری چپل کے جوڑے تیار کیے گئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پشاوری چپل کا تحفہ پیش کرنا ایک بہترین روایت قائم کرے گا۔ مختلف ممالک سے پاکستان آنے والے اعلی عہدیداران اور سفارت کاروں کو مہنگے اور قیمتی تحائف کے بجائے پاکستانی مصنوعات کا تحفہ دینا نہایت احسن اقدام ہے۔ پاکستانی کاریگروں کی محنت سے تیار کردہ اور ثقافتی رنگوں سے سجی ان مصنوعات کا دنیا بھر میں کوئی نعم البدل نہیں ہے۔