ڈینگی وائرس پنجاب کے بعد خیبر پختونخواہ میں بھی بے قابو ہوگیا۔
صوبہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں ڈینگی وائرس کے 111 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اب تک صوبے میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں ڈینگی وائرس کے 111 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 9 ہزار 603 ہوگئی۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 9 ہوچکی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے اسپتالوں میں مجموعی طور پر ڈینگی کے 78 مریض زیر علاج ہیں۔ ڈینگی وائرس سے سب سے تشویشناک صورتحال اس وقت صوبہ پنجاب میں ہے، گزشتہ روز پنجاب میں ڈینگی کے باعث 4 اموات ہوئیں جس کے بعد رواں سیزن پنجاب میں ڈینگی سے مجموعی اموات کی تعداد 90 ہوچکی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 277 مریض رپورٹ ہوئے۔