قومی اسمبلی کے اجلاس میں دوسرے روز بھی وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی گھڑی کی قیمت کی بازگشت سنائی دی
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گھڑی کی قیمت زیربحث رہی ۔اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کل گھڑی ہمیں ملی تھی اس کو جمشید دستی کے حوالے کررہے ہیں۔ گھڑی کی قیمت تین لاکھ ہے تو جمشید دستی پچاس ہزار ہمیں جمع کرادیں۔ جمشید دستی کو ڈھائی لاکھ منافع ہوجائے گا۔ جمشید دستی کا کہنا تھا کہ مجھے گھڑی کی قیمت سے متعلق ن لیگ کے لوگوں سے پتہ چلتا تھا۔ ہوسکتا ہے رات کو گھڑی تبدیل کردی گئی ہو۔ جمشید دستی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز گھڑی کی قیمت تین لاکھ لگ گئی تھی۔ اجلاس میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جمشید دستی نے کہا کہ ڈار صاحب کی گھڑی پچاس لاکھ کی ہے۔ ایسی باتیں وزیراعظم کیلیے بھی کی جاتی ہیں،اب یہ گھڑی دستی صاحب رکھ لیں۔ جمشید دستی گھڑی بیچ کر پچاس ہزار خیرات کردیں۔ اسپیکر نے اسحاق ڈار کی دی ہوئی گھڑی جمشید دستی کے سپرد کر دی۔ جمشید دستی نے گھڑی شکریہ کہہ کر رکھ لی۔