پنڈی ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگ میں 344 پر آؤٹ، انگلینڈ پر 77 رنز کی برتری
راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ انگلینڈ نے اننگز کے اختتام پر 3کھلاڑیوں کے نقصان پر24رنز بنا لیے جبکہ پاکستان کو اب تک 53 رنز کی برتری حاصل ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں نے ملتان میں ایک ایک میچ جیت رکھا ہے، یہ فیصلہ کن ٹیسٹ میچ جیتنے والی ٹیم ٹرافی اٹھائے گی۔
انگلینڈ کے خلاف پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 344 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز پاکستانی بلے بازوں بالخصوص نائب کپتان سعود شکیل اور ساجد خان کے نام رہا۔ قومی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگ 267 رنز کے جواب میں 344 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ یوں اسے مہمان ٹیم پر 77 رنز کی قیمتی برتری حاصل ہوگئی۔ ایسے وقت میں جب پاکستانی بیٹرز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گر رہی تھیں۔ نائب کپتان سعود شکیل ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 134 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ساجد خان صرف 2 رنز کی کمی سے اپنی پہلی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے وہ 48 رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے۔ دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز 3 وکٹوں پر 73 رنز سے کیا۔ کپتان شان مسعود ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 26 رنز بنا کر شعیب بشیر کی وکٹ بن گئے۔ محمد رضوان نے 25، عامر جمال 14 اور سلمان علی آغا نے ایک رن بنایا، تینوں وکٹیں ریحان احمد نے حاصل کیں۔ 177 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد سعود شکیل نے نعمان علی کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کے لیے 88 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم کی۔ نعمان علی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔