حرم شریف کا تیسراتوسیعی منصوبہ جاری
حج موسم 1439ھ کے دوران مسجد الحرام میں آل سعود کی تیسری توسیع کے تحت قائم کی جانے والی تمام عمارتوں سے حجاج کرام فیض یاب ہوئے۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے ہاتھوں سعودی عرب کے قیام کے بعد سے لے کر تاحال مسجد الحرام میں بار بار توسیع کی جا رہی ہے اور ہر سعودی حکمراں کا نصب العین حجاج کرام کو فریضہ حج کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کرنا رہا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق ان دنوں سعودی عرب خاد م حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت مسجد الحرام کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ جولائی 2018 ء کے دوران انہوں نے 5 نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے مسجد الحرام کے لئے عظیم الشان تاریخی منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے معروف ٹھیکیدار بن لادن گروپ کو ریکارڈ وقت میں توسیعی منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان کی عمر نے وفا نہ کی۔ توسیعی منصوبہ مکمل ہونے سے قبل ہی ان کا انتقال ہوگیا تاہم خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے برادر کے شروع کرائے گئے منصوبے کو جاری رکھا۔ انہوں نے حرمین شریفین، مشاعر مقدسہ، عرفات، منیٰ، مزدلفہ اور مسجد قبا وغیرہ میں سعودی حکومت کے شروع کردہ منصوبوں کو مکمل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔