عمران خان سن لیں ووٹ چوری کیخلاف احتجاج نہیں رکے گا،مریم اورنگزیب
اسلام آباد:- مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان سن لیں ووٹ چوری کیخلاف احتجاج نہیں رکے گا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ کو ہتھکڑی لگا کر بکتر بند گاڑی میں پیش کرنے کی مذمت کرتے کہا ہے کہ عطا اللہ تارڑ کی گرفتاری آمرانہ اور فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے، عطا تارڑ کی ہتھکڑیاں عمران خان کے غیرجمہوری دور کا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہا ہے کہ پاکستانی جان لیں کہ اب احتجاج کرنے پر ہتھکڑی پہنائی جائے گی، قید کیا جائے گا، دہشتگردوں کی طرح عدالت میں پیش کرنے پہ شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فسطائی ذہنیت والے عمران خان کے دور میں احتجاج بھی سنگین جرم بنا دیا گیا ۔