لاپتہ ہونے والے چاروں بلاگرز اچانک گھر پہنچ گئے
گزشتہ دنوں لاپتہ ہونے والے چاروں بلاگرز اچانک اپنے گھر پہنچ گئے۔ چاروں بلاگرز تین ہفتے قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہونے والے چاروں بلاگرز ہفتے کی صبح پر اسرار طور پر اپنے اپنے گھر پہنچے۔ جن میں پروفیسر سیلمان حیدر، احمد وقاص، عاصم سعید اور احمد رضا نصیر شامل ہیں۔پروفیسر سیلمان حیدرچھ جنوری کو اسلام آباد سے،احمد وقاص اور عاصم سعیدچار جنوری کو لاہور سے جبکہ احمد رضا نصیر سات جنوری کو ننکانہ صاحب سے لاپتہ ہوئے تھے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان حیدر کے گھر والوں نے ان کی واپسی کی اطلاع دی ہے، ان کی حالت بہتر ہے تاہم وہ ابھی بیان دینے کے قابل نہیں۔واضح رہے بلاگرز کی گمشدگی کے خلاف کئی روز سے سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایا جا رہا تھا جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بلاگرز کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام افراد کو بازیاب کرانے کی یقین دہائی کرائی تھی