پی ٹی آئی کی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر سینیٹ کی نشست سے مستعفی
بچوں کی ویکسینیشن سے متعلق بین الاقومی ادارے میں پرکشش ملازمت ملنے کے بعد سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔ ثانیہ نشتر نے پارٹی سے مشاورت کے بعد اپنا استعفیٰ سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھجوا دیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے ضروری کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے تاہم چیئرمین سینیٹ نے استعفیٰ پر لیگل ونگ سے رائے بھی طلب کی ہے کیونکہ مستعفی ہونے کیلئے خود چیئرمین سینیٹ کے سامنے پیش ہونا بھی لازم ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جنیوا میں بین الاقوامی ادارے برائے ویکسینیشن اطفال میں پرکشش ملازمت کے بعد سینیٹ رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کا اقتدار ختم ہونے کے بعد ثانیہ نشتر نے زیادہ تر وقت بیرون ممالک گزارا، ڈاکٹر ثانیہ نشتر مختلف اداروں کے علاوہ تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزیر بنیں جس میں انہوں نے کورونا،احساس پروگرام اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر کام کیا۔ ثانیہ نشتر 2021ء میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئی تھیں