ڈاکٹر عافیہ کیس سے متعلق معلومات کیلئے امریکی محکمہ انصاف سے رجوع کیا جائے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے کیس اور قید سے متعلق معلومات کیلئے امریکی محکمہ انصاف سے رجوع کیا جائے۔نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل سے میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے بارے میں لکھے گئے حکومت پاکستان کے خط کے بارے میں سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان نجی سفارتی رابطوں پر بات نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے کیس اور قید سے متعلق معلومات کیلئے امریکی محکمہ انصاف سے رجوع کیا جائے، اس پر محکمہ انصاف کا بات کرکنا زیادہ بہتر ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا میں ہر جگہ توہینِ مذہب کے قوانین کی یکساں مخالفت کرتے ہیں، ایسے قوانین اظہار رائے کی آزادی، مذہب یا عقیدے کی آزادی سمیت انسانی حقوق، بنیادی آزادیوں کے استعمال کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں بھارت کی انکوائری کمیٹی سے تحقیقات آگے بڑھانے کیلئے معلومات کا تبادلہ ہوا، تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر احتساب دیکھنا چاہتے ہیں۔