مریم نواز نے نوازشریف کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوازشریف کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ہمارا خواب پورا ہونے جا رہا ہے، نوازشریف کینسرہسپتال میں کسی مریض کو انکار نہیں کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پنجاب نہیں پورے پاکستان کا ہسپتال ہوگا، کینسرکا علاج انتہائی مہنگا علاج ہے، کینسر کے ٹیسٹ بہت مہنگے ہوتے ہیں،پنجاب نے اپنے وسائل کے دروازے باقی صوبوں کے لیے بھی کھولے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پوچھا جاتا ہےکہ نوازشریف کےنام پرہسپتال کیوں بنایا جارہا ہے، نوازشریف تین دفعہ وزیراعظم رہے اس لیے ان کےنام پرہسپتال بن رہا ہے، امید ہےان لوگوں کی تسلی ہوگئی ہوگی۔ مریم نواز نے کہا کہ تین سال میں کینسرہسپتال منصوبہ مکمل، پہلا فیز2025 میں مکمل ہوگا، انہوں نے ہدایت کی اکتوبر 2025میں پہلا فیز مکمل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ عوام کی بہتری کے لیے خرچ کریں گے، ہم باتوں کے بجائے عملی اقدامات پریقین رکھتےہیں، کینسرہسپتال میں تمام جدید مشینری دستیاب ہوگی، مسلم لیگ(ن)کی ترجیح عوام کی خدمت کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سےہسپتالوں میں فری ادویات کی سہولت ختم ہوچکی تھی، سرکاری ہسپتالوں میں اب مفت ادویات ملتی ہے، عوام کوان کی دہلیزپرصحت سہولیات فراہم کررہےہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرزکی تنخواہوں میں اضافہ بھی کریں گے، ہماری کوشش ہوگی کوئی بھی ڈاکٹربیرون ملک نہ جائے، انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کو واپس لانے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والے ڈاکٹرز کو وہی سہولیات دیں گے جو انکو بیرون ملک میں میسر ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کو بہتر تنخواہیں، گاڑی اور گھر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس جادوکی چھڑی نہیں ہے، ہر آنےوالے دن میں صحت کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے، اللہ تعالیٰ مجھے کامیابی دے۔