ملک معاشی استحکام کے بعد تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک معاشی استحکام کے بعد تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر ساڑھے تین فیصد (3.57) پر آنے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت مہنگائی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی، 4 اکتوبر 2018 کے بعد آج پرائس انڈیکس کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس میں رواں ہفتے کی نسبت آج مہنگائی کی شرح میں 39.11 فیصد کی بڑی کمی معاشی ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے، عوام سے کئے گئے اپنے ہر وعدے پر قائم ہوں، عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے دن رات محنت کا عہد کیا تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بطور خادم پاکستان اپنے کئے گئے ہر عہد پر قائم ہوں، روزگار کی فراہمی، ملکی صنعتی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر، دوست ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ، سفارتی تعلقات میں استحکام پاکستان کی ترقی کے سفر کی عکاسی ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری سیاسی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، ملکی ترقی کے سفر میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔