ایف بی آر کی جانب سے بڑی پابندیاں،بیگج رولز 2006 میں ترامیم،مسافر پابند
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق بیگج اسکیم کے تحت بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو اپنے ساتھ کمرشل مقدار میں اشیا لانے پر پابند کیاجائےگا۔ جس کے تحت 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا کمرشل ٹریڈنگ تصور کی جائے گی۔ ایف بی آر نے بیگج رولز 2006 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر کے اسٹیک ہولڈرز سے آراء کے لیے جاری کردیا ہے۔ مجوزہ رولز کے بارے میں 7 دن کے اندر اندر آراء و تجاویز دی جاسکتی ہیں، مقررہ معیاد کے بعد موصول ہونے والی تجاویز و آراء کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ مقررہ معیاد تک آراء و تجاویز موصول نہ ہونے پر گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے مجوزہ رولز لاگو کر دیے جائیں گے۔ ایف بی آر کی بیگج اسکیم کے تحت بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کو اپنے ذاتی استعمال کے لیے صرف ایک موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت ہوگی، مجوزہ رولز میں کہا گیا ہے کہ ایک فون کے علاوہ باقی جو بھی موبائل فون ہوں گے وہ ضبط کر لیے جائیں گے۔ بیگج اسکیم کے تحت 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا ساتھ لانے والے مسافروں کی اشیا مستقل طور پر ضبط کر لی جائیں گی، یہ اشیاء ڈیوٹی و ٹیکسوں اور جرمانوں کی ادائیگی پر بھی کلیئر نہیں کی جائیں گی۔ زرائع کے مطابق ایف بی آر کے تازہ ترین فیصلے کے تحت بیرون ممالک سے آنے والے افراد ایسی اشیاء جو کمرشل کیٹیگری میں آتی ہوں، انہیں ایک مخصوص حد سے زیادہ اپنے ساتھ پاکستان نہیں لا سکیں گے۔ بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے ایسے افراد جو مقرر کردہ حد سے زیادہ کمرشل کیٹیگری میں آنے والی اشیاء اور موبائل فون اپنے ساتھ لائے تو ائیرپورٹ پر تمام زائد اشیاء ضبط کر لی جائیں گی۔