پی ٹی آئی میں بڑی سرجری کا فیصلہ،بانی کا پرانے ساتھیوں کومیدان میں اتارنے کا فیصلہ
پی ٹی آئی کی ناکام احتجاج کال کے بعد سابق وزیراعظم بانی پی ٹی آئی عمران خان موجودہ قیادت سے مایوس، بانی پی ٹی آئی نے پارٹی میں بڑی سرجری کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق مسرت جمشید چیمہ اور فواد چوہدری کو پارٹی میں اہم عہدے ملنے کا امکان ہے جبکہ زرتاج گل اور علی محمد خان کو بھی پارٹی میں مرکزی عہدے دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان موجودہ پارٹی قیادت کے ڈی چوک احتجاج بیانیے سے بھی ناخوش ہیں جبکہ عمران خان نے شکوہ بھی کیا کہ موجودہ قیادت احتجاجی تحریک کو اچھے طریقے سےنہ چلاسکی اور نہ ہی کو خاص بیانیہ بنا سکی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ علیمہ خان کی رپورٹ کے بعد بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی میں بڑی سرجری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بیرسٹر گوہر بھی شدید تنقید کی وجہ سے اپنے عہدے سے ناخوش ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرانی ٹیم کے واپس پی ٹی آئی میں آنے پر بھی موجودہ ٹیم کو تحفظات ہیں، پرانی ٹیم کو مرکزی عہدے دینے کے لیے ”عبوری“ سیٹ اپ تشکیل دیا جائے گا، پرانی ٹیم کی کارکردگی جانچنے کے بعد انہیں مستقل عہدے دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔