رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
عدالت نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے 12 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے حکم دیا کہ رانا ثنا اللہ کو 12 دسمبر کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے، مسلسل غیرحاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ یاد رہے رانا ثنا کیخلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج مقدمہ زیرسماعت ہے ، پولیس نے ان کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ جمع کروائی تھی اور عدالت نے پولیس رپورٹ کومسترد کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کو طلب کیا تھا۔ مقدمہ 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم جلسے پر درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر میں کنٹینر ہٹانے اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا الزام ہے۔ پولیس نے ن لیگی رہنما سے متعلق مقدمے کا چالان تاخیر سے جمع کروایا تھا تاہم مقدمےمیں خرم دستگیر، عمران خالد بٹ،سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔