سنیٹر فیصل واؤڈا نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد آکر چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول سے ملاقات کی
سنیٹر فیصل واؤڈا نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد آکر چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال، انیس قائمخانی، امین الحق اور دیگر رہنما شریک تھے۔ ملاقات کے بعد فیصل واؤڈا، خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے دوست فیصل واؤڈا ہمارے مرکز آئے ہیں، انہوں نے ایم کیو ایم سے میٹنگ کی ہے، ان کا تعلق اس شہر سے ہے، یہ ون مین آرمی ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ ہر طرف چھائے ہوئے ہیں اور اس بات پر ہم فخر کرتے ہیں، ہم نے دیکھا ہے فیصل واؤڈا تمام پارٹیوں کے پاس گئے ہیں اور آج یہ ایم کیو ایم کے پاس آئے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک طاقت اور ایک جماعت ہے، ہمیں ہمارا شیئر نہیں دیا جارہا ہے، کوئی کامن ایجنڈا ہونا چاہیے، فیصل واؤڈا سب کو یکجا کرنے کا کام اکیلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ ہمارے پاس آئے ہیں ہم نے ان کی بات کی تائید کی ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کو چلانے کیلئے کچھ پوائنٹس پر متفق ہونا چاہیے، اس ایجنڈے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے پاس جانے کا مقصد نیشنل کاز ہے، میں یہاں کسی مطلب سے نہیں آیا ہوں، میں دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں۔