برطانیہ میں منعقد ہونے والے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو میں پاک ایئر فورس کےC130 طیارے نے ٹرافی اپنے نام کرلی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق برطانیہ کی رائل ایئرفورس بیس فیئر فورڈ پر منعقد ہونے والے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو دو ہزار سولہ کے دوران پاکستان ایئر فورس کا سی ون تھرٹی طیارہ بہترین قرار پایا اور اس نے کونکورس ڈی ایلیگنس کی ٹرافی اپنے نام کی۔ ٹرافی کے لئے پچاس ممالک سے دو سو طیاروں نے حصہ لیا تاہم ضرب عضب کے آرٹ ورک سے سجے پی اے ایف سی ون تھرٹی طیارے نے میدان مارلیا۔ شو کے آخری روز وائس چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل اسد لودھی نے ایونٹ کا دورہ کرتے ہوئے ٹرافی جیتنے پر پی اے ایف کے فضائی اور زمینی عملے کو مبارکباد دی۔ پاک فضائیہ کے دستے سے بات کرتے ہوئے وائس چیف آف ایئر سٹاف نے کہا کہ اس بڑی کامیابی سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوگا۔ دوسری جانب پاک فضائیہ کی جانب سے سی ون تھرٹی پر ضرب عضب کے آرٹ ورک کا مقصد جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان ائیر فورس کا سی ون تھرٹی طیارہ جولائی دو ہزارچھ میں ہونے والے ایونٹ میں حصہ لے چکا ہے، جہاں اس جہاز نے تین ٹرافیاں حاصل کی تھیں۔