شیخ رشید نااہلی سے بچ گئے۔ سپریم کورٹ نے شیخ رشید کو اہل قرار دے دیدیا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فیصلہ سنادیا۔ عدالت عظمی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو اعلان کردہ اثاثوں میں زرعی زمین چھپانے کے مقدمہ میں دیے گئے اختلافی فیصلے میں اہل قرار دے دیا۔ جسٹس عظمت سعید اور جسٹس سجاد علی شاہ نے درخواست کے اخراج کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے نوٹ میں معاملہ فل کورٹ کو بھجوانے کی سفارش کی۔ شیخ رشید کے خلاف دی گئی درخواست میں تین رکنی بینچ نے بیس مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ شیخ رشید کی نا اہلی کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما شکیل اعوان نے الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کی تھی جسے ٹربیونل نے تکنیکی بنیادوں پر خارج کردیا تھا۔ شکیل اعوان نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کیا تھا۔ درخواست میں شیخ رشید پر دوہزار تیرہ کے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔