کراچی میں ہولناک دہشت گردی، بس میں گھس کر فائرنگ، 45 افراد جاں بحق
کراچی میں خواتین اور بچوں سمیت ساٹھ سےزائد افراد بس کے ذریعےصفورا گوٹھ اسکیم تینتیس سےعائشہ منزل پرواقع اسماعیلی جماعت خانےجارہے تھے۔ صفورا چورنگی کےقریب تین موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے بس کو روک کر پہلے ڈرائیور کونشانہ بنایا جس کے بعد مسافروں پر خود کارہتھیاروں سے فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ سے علاقےمیں خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانیں اور کاروبار بند ہو گیا۔ دہشت گردوں کے فرار کے بعد باہمت زخمی کنڈیکٹرسلطان علی بس کوقریبی میمن ہسپتال لے آیا۔ جاں بحق ہونےوالوں میں عمر رسیدہ افراد اور خواتین بھی شامل ہیں، جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد ہسپتال کے احاطے میں غم سے نڈھال نظرآئی۔ زیرعلاج کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کے مطابق حملہ آور پولیس کی وردی میں ملبوس تھے اور ان کی وردیوں کی وجہ سے ہی روکے جانے پر ڈرائیور نے بس روکی تھی۔ دہشتگردوں کی عمریں اٹھائیس سے پینتیس سال کے درمیان تھیں۔ دہشت گردوں کی تعداد چھ سے آٹھ تھی۔واقعہ کی تفتیش کے انچارج طارق جدون کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے متفرق ہتھیار استعمال کیے جن میں سب مشین گن اور پستول دونوں شامل ہیں۔ جس مقام پر واقعہ پیش آیا وہ ایک ٹوٹی پھوٹی سڑک ہے جہاں آس پاس تعمیراتی کام جاری ہے۔ جائے وقوعہ سےپولیس کوساٹھ سے زائد گولیوں کے خول اورکچھ پمفلٹ بھی ملے ہیں۔ پولیس کوبس سے ایک مشتبہ ٹوپی ملی ہے جس پر سکیورٹی گارڈ تحریرہے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں بھی خواتین شامل ہیں جنہیں جائے وقوع کےقریب واقع ہسپتال منتقل کیا گیا،زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ ہسپتال میں اوپازیٹوخون کی اشد ضرورت پرشہریوں سےخون کےعطیات دینے کی اپیل کی گئی۔ ابتدائی طورپرجاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی میمن ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ اس کےبعد زخمیوں کو آغا خان ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔ زخمیوں کوانتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ میمن ہسپتال سےتیس میتوں کوبھی آغا خان ہسپتال اورچودہ کوایدھی کے سردخانےمیں منتقل کردیا گیا ہے۔ ایک میت کو اس کے لواحقین اپنے گھرعزیزآباد لے گئے۔ بس سانحہ کےزخمیوں کودیکھنے اورلاشوں کے معائنےکےلیے چارایم ایل اوزمیمن ہسپتال اور آغا خان ہسپتال پہنچے۔ ایم ایل اوز نے لاشوں کا معائنہ کر کے اپنی ابتدائی رپورٹ متعلقہ حکام کو دےدی، ہسپتال اوراطراف کےعلاقے میں رینجرزاورپولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔ پرامن کمیونٹی کے خلاف دہشت گرد کارروائی ناقابل فہم اور بے حسی کی انتہا ہے: پرنس کریم آغا خان اپنے بیان میں پرنس کریم آغاز خان نے کراچی صفورہ چورنگی پر بس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے سانحہ کراچی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیلیوں کی بس پر حملہ بے حسی کی انتہا ہے،ان کی تمام دعائیں سانحہ میں جاں بحق اور غمزدہ زخمیوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، پرنس کریم آغا خان کا کہنا تھا کہ ایک پُرامن کمیونٹی کیخلاف ایسی دہشتگرد کارروائی ناقابل فہم ہے- سانحہ صفورہ گوٹھ پر کل ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا، تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا سانحہ صفورہ گوٹھ نے پوری قوم کو دکھی کر دیا ، وزیراعظم نوازشریف نے ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے،تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہے گا، وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا گیا ہے ،دوسری جانب سندھ حکومت نے سانحے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کیلئے امداد کا اعلان کر دیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے،ادھر کراچی میں جمعرات کو ہونے والے تمام پرچے بھی ملتوی کر دیئے گئے، وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے مطابق سانحہ صفورہ گوٹھ کے باعث چودہ مئی کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں ، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا،دوسری جانب جامعہ کراچی نے بھی سوگ میں امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی نے بھی امتحانات ملتوی کردیئے ہیں، انٹر کے امتحانات اب اکیس مئی کو ہونگے ، دوسری جانب ایم کیو ایم نے سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں سے کاروباری مراکز بند رکھنے کی اپیل کی ہے، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سانحہ بربریت کی بدترین مثال ہے،تاجر حضرات بھی متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں اور کاروباری مراکز بند رکھیں- دہشتگرد ملک میں انتشار پھیلانا چاہتےہیں: وزیراعظم نوازشریف اسلام آباد میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھاکہ سانحہ کراچی کےبعد وزیراعلی سندھ کو واپس کراچی بھجوادیا،انکا کہنا تھا کہ کراچی واقعے پرسب افسردہ ہیں،دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتےہیں،دہشتگردوں نے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے محب وطن کمیونٹی کو نشانہ بنایا وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھاکہ دہشتگرد ملک میں انتشار پھیلانے اورہمیں آپس میں لڑانے کی سازش کررہےہیں-اجلاس میں پارلیمانی رہنماؤں سےمختلف امور پرمشاورت کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشاورت کرکے خوشی ملتی ہے،اہم موضوعات پرمشاوت ہماری روایت بننی چاہیے۔ شواہد کی بنیاد پردہشتگردوں تک پہنچنے کی کو شش کررہےہیں, ڈی جی رینجرز کی چوہدری نثار علی خان کو کارروائی سے متعلق بریفنگ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ڈی جی رینجرز کوفون کرکے کراچی میں بس پرحملے سے متعلق معلومات حاصل کیں،ڈی جی رینجرز نے وزیرداخلہ کو دہشتگردوں کی کارروائی سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پرڈی جی رینجرز کا کہنا تھاکہ شواہد کی بنیاد پردہشتگردوں تک پہنچنے کی کو شش کررہےہیں، اس سے قبل چوہدری نثار علی خان نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔ جب تک سانسیں چل رہی ہیں طالبان اور دہشتگرد تنظیموں کیخلاف جہاد کرتا رہوں گا: الطاف حسین وقت نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ صفورہ چورنگی میں معصوم لوگوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، اسماعیلی کمیونٹی پر اس سے قبل بھی حملے ہو چکے ہیں۔الطاف حسین نے کہا کہ وہ اک عرصہ سے کہہ رہے ہیں کہ کراچی میں طالبنائزیشن ہو رہی ہے، کہا گیا کہ الطاف حسین خوف پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملے کے وقت پولیس چوکی میں کوئی نہ تھا۔ دہشتگردوں نے بس میں داعش کے پمفلٹ پھینکے۔ایک سوال کے جواب میں الطاف حسین نے کہا کہ کراچی آپریشن میں صرف ایم کیو ایم کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے جبکہ کسی اور جماعت کیخلاف کارروائی نہیں کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک سانسیں چل رہی ہیں طالبان اور دہشتگرد تنظیموں کیخلاف جہاد کرتے رہیں گے۔ حکیم سعید کے قتل سے لے کر آج تک کراچی میں ہزاروں افراد موت کے گھاٹ اتار ے جا چکے ہیں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ،سٹریٹ کرائم،بھتے کے نام پر قتل ہی کیا کم تھے کہ اب اس شہر بے امان میں فرقہ واریت کے نام پر بھی خون ناحق بہایا جارہا ہے ،آج صبح پینتالیس معصوم اور بے گناہ افراد کو ٹارگٹ کر کے موت کی نیند سلا دیا گیا -اس سے قبل پندرہ روز میں دو ڈی ایس پی شہید ہوئے ،دہشت گردوں کو چیلنج دینے والا بہادر سپاہی چوہدری اسلم بھی اسی شہر کی سڑکوں پر مارا گیا ،شفیق تنولی کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ،اور نہ جانے کتنے گھروں کے کفیل ،ماؤں کے لعل اس شہر کی خون آشام فضاؤں نے نگل لیے-حکومت وقت کہتی ہے کراچی میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے،رینجرز کا کہنا ہے کہ جرائم میں کمی ہوئی ہے،لیکن دہشت گرد ایک خاص وقفے کے بعد کوئی ایسا گھاؤ لگاتے ہیں کہ سب کچھ دھرے کا دھرا رہ جاتا ہے ،پھر قوم کو صبر کی تلقین کی جاتی ہے لیکن ،جس کا پیارا دنیا سے جاتا ہے اسے صبر مشکل ہی سے آتا ہے - معصوم لوگوں پر دہشت گردوں کا حملہ پاکستان دشمنوں کی گہری سازش ہے: خورشید شاہ خورشید شاہ نے کراچی میں دہشت گردی کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں پر یہ حملہ پاکستان کے دشمنوں کی گہری سازش ہے۔ لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کا یہ واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ حکومت دہشتگردوں کو جلد گرفتار کرے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچائے۔ زرداری اورعمران خان سمیت سیاسی اورسماجی شخصیات کی کراچی میں بس پردہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت سانحہ کراچی پرملک کی سیاسی اورسماجی شخصیات نے گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے، صدر مملکت ممنون حسین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف عزم متزلزل نہیں کرسکتیں،دہشتگردوں کوانجام تک پہنچائیں گے،وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ کااظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کی،سابق صدر آصف علی زرداری نے معصوم لوگوں کونشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزمان کوفوری گرفتارکرے،ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین،گورنرسندھ،وزیراعلیٰ بلوچستان،وزیراعلیٰ شہبازشریف اورچیئرمین تحریک انصاف سمیت سیاسی اورسماجی شخصیات نے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے- چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کہتے ہیں حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ں چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سانحہ کراچی نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے ،گورنر پنجاب نے واقعے کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،اس موقع پر رضا ربانی نے گورنر پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی،اور مستقبل میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی،رضا ربانی کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ گورنر اپنے فرائض منصبی احسن اور غیر جانبدارانہ انداز میں نبھائیں گے،رفیق رجوانہ گورنر بننے سے پہلے سینیٹر تھے - تحریک انصاف، ایم کیوایم اوراے این پی کی کراچی میں بس پرحملے کیخلاف سندھ حکومت پرکڑی تنقید اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے استعفی کامطالبہ کراچی میں دہشتگردی کی ہولناک واردات پر وقت نیوز سے بات کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں نے سندھ حکومت کوآڑے ہاتھوں لیا،ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے وقت نیوز سے گفتگو ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی حرکت شرمناک اوربزدلانہ ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے جان ومال کےتحفظ میں ناکام ہوچکی ہے،دہشتگرد تیزی سے اپنا نیٹ ورک تیارکررہےہیں،اس کےخاتمےکیلئےلائحہ عمل بنایا جائے،،پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے سانحہ کراچی پرگہرے دکھ کااظہار کرتے ہوئےکہا کہ اس واقعےکیلئے مذمت کالفظ بھی چھوٹا لگ رہا ہے،دہشتگردی کا ناسورپاکستان کوکھا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں انٹیلی جنس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں پراعتماد کرنا ہوگا،ایسےلوگوں کیساتھ تعاون کرنےوالوں سے اعلان لاتعلقی کیاجائے،اے این پی کے رہنما شاہی سید نے کہا کراچی میں آپریشن کے باوجود درجنوں افراد بس کویرغمال بنالیتے ہیں،پولیس کامورال بہت گرگیا ہے،حکومت کو اس واقعے پرایکشن لینا چاہیئے،نجمی عالم نے کہا کہ دہشتگردوں نےخواتین اوربچوں کونشانہ بنایاہے،قوم کومتحدہوکران کیخلاف اعلان جنگ کرناہوگا،جبکہ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ذریعے کاروبار تباہ کرنے کی سازش ہورہی ہے،امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے بس پرفائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی،انہوں نے کہا کہ ملزمان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے،امن قائم نہ ہوا توکوئی کاروبار نہیں ہوسکتا۔ بس پرفائرنگ سوچا سمجھا منصوبہ ہے،دہشتگردوں کو نشان عبرت بنادیں گے: وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتےہیں، یہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا جس میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا،حملےمیں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتےہیں،انکا کہنا تھاکہ بس پرفائرنگ کرنےوالے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے،وزیراعلی سندھ نےحملے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کوپانچ پانچ لاکھ جبکہ زخمی افراد کیلئے دو، دو لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا، کراچی شہر میں قیام امن کے حوالے سے گفتگو میں وزیراعلی کا کہنا تھاکہ کراچی میں اغوا برائے تاوان اوردیگر وارداتوں میں نماٰیاں کمی آئی ہے،شہرمیں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔ کراچی واقعہ میں ملوث افراد نہ تو پاکستانی ہیں اور نہ مسلمان: پرویز رشید میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کراچی واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کو بے نقاب کرے اور انجام تک پہنچانے کے لیے قومی سلامتی کے اداروں کا بازو بنے، دہشتگردوں کا تعلق نہ تو پاکستان سے ہو سکتا ہے اور نہ وہ مسلمان ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی معاملہ عدالت میں ہے،سب کو چاہیے کہ سیاسی بیانات سے اجتناب کریں، پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے، پاکستان کی خودمختاری اور مستقبل کو خطرات لاحق ہیں۔پرویز رشید نے کہا کہ کراچی جیسے واقعات وزیراعظم نواز شریف کے دہشتگردی کے خلاف آپریشن کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ وعدہ کرتے ہیں سکیورٹی ادارے کیس کو جلد حل کرلیں گے: شرجیل میمن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے سانحہ صفورہ چورنگی پر افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ واقعہ قومی سانحہ ہے جس کی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، حملہ کمیونٹی پر نہیں بلکہ پاکستان پر کیا گیا،شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ظالم دہشتگردوں نے پر امن اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا،بزدل دہشتگرد آسان ہدف کی تلاش میں رہتے ہیں ،وعدہ کرتے ہیں سکیوڑتی ادارے کیس کو جلد حل کرلیں گے اور دہشتگردوں کے گھر میں گھس کر ان کا مقابلہ کریں گے- شرجیل میمن نے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا، سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ایم کیو ایم نے سانحہ صفورہ چورنگی پر کل یوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا سانحہ صفورہ گوٹھ کے بعد رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ صفورہ گوٹھ کے علاقے میں بس پر داعش اور طالبان کے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جمعرات کو یوم سوگ منائے گی۔ الطاف حسین نے کاروباری حضرات، تاجروں، صنعتکاروں، نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ بھی سوگ میں حصہ لیں۔ کاروباری مراکز، تعلیمی اداروں اور ٹرانسپورٹ کو بند رکھا جائے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مدد آپ کے اصول کے تحت دہشت گردوں کے حملوں سے نمٹنے کیلئے ویجلینس کمیٹیاں بنائیں۔