دوران عدت نکاح کیس :زندہ رہا تو 10دن میں فیصلہ کروں گا۔ سیشن جج افضل مجوکا
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا معطلی اور جلد سماعت کی اپیلوں پر سماعت 21 جون تک ملتوی کردی،اس دوران جج افضل مجوکا نے کہا کہ اگر میں زندہ رہا تو 10 دن میں فیصلہ کروں گا۔جمعہ کو اپیلوں پر سماعت جج افضل مجوکا نے کی، بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری، عثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت پی ٹی آئی وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا گزشتہ روز کا تحریری آرڈر عدالت میں پیش کر دیا، جج نے ریمارکس دیئے کہ میں نے فیصلہ پڑھ لیا ہے، 27 جون تک سزا معطلی پر فیصلہ کرنا ہے، اگلے جمعے کی تاریخ رکھ لیتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر میں زندہ رہا تو 10 دن میں فیصلہ کروں گا، میرا جیل ٹرائل ہے، ہفتہ کوممکن نہیں، میں نے رات کو خود فیصلہ ڈائون لوڈ کیا اور پڑھ لیا۔اس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ ہفتہ کے لئے سماعت رکھ لیں ورنہ ہم آج بھی میسر ہیں آج ہی ہمیں سن لیں، جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ اگر دوسری پارٹی پیش نہ ہوئی تو میں آپ کو سن کر فیصلہ کر دوں گا، میں آرڈر لکھ ر ہا ہوں نوٹس سے بڑا کچھ ہوگا، اس میں تاریخ دیکھ لیں۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21 جون تک ملتوی کردی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خاور مانیکا اور ان کے وکیل کو 21 جون کو عدالت پیش ہوں، بصورت دیگر میں ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کردیا جائے گا۔