پنجاب حکومت کا سوموار سے شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ، ایس او پیز طے کر لئے گئے:میاں اسلم اقبال
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے ساتھ ایس او پیز بھی طے کر لئے گئے ہیں۔شاپنگ مالز کے اوقات ِ کار وہی ہوں گے جو دیگر مارکیٹوں کے ہیں۔ سوموار سے شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری کو کام کرنے کی اجازت ہو گی۔صوبائی وزیر نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ شاپنگ مالز اور دیگر کھولنے والے کاروبار میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ہینڈ سینی ٹائزرز اور ماسک کا استعمال لازمی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف عوام کو کورونا کی وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے سر گرمِ عمل ہے تو دوسری جانب ڈوبتی معیشت کو بچا نے کیلئے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث لاک ڈاؤن سے عام آدمی کی مشکلات بڑھی ہیں۔ اسی لئے حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے۔