سعودی پاکستانیوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں, حریمین شریفین کی حفاظت مسلم امہ پر فرض ہے: امام کعبہ
امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کا بادشاہی مسجد لاہور آمد پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ امام کعبہ نے بادشاہی مسجد میں نماز مغرب کی امامت کروائی۔ امام کعبہ کی امامت میں ہزاروں لوگوں نے نماز مغرب ادا کی۔ نماز کے بعد امام کعبہ نے امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے علاوہ پاکستان کیلئے خصوصی دعا مانگی۔ اس سے پہلے امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے جامعہ اشرفیہ کا دورہ کیا تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں- اس موقع پر تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب میں شیخ خالد الغامدی کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں ، عربی اور عجمی میں کوئی فرق نہیں ، سعودی پاکستانیوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں ،حرمین شریفین کی حفاظت مسلم امہ پر فرض ہے اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو متحد کر دے اور مسلمانوں کو پریشانیوں اور مسائل سے نکالے ، امام کعبہ نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی حرمین شریفین کو دشمنوں کے ناپاک عزائم سے بچائے ، جنت میں سعودی اور پاکستانی قوم اکھٹی ہو گی ، اس بات کے ذکر اور اسلامی بھائی چارے کے تذکرے پر امام کعبہ آبدیدہ بھی ہو گئے- اس سے قبل امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے منصورہ کا دورہ کیا ، اور جامع مسجد منصورہ میں نماز فجر کی امامت کی، شیخ خالد الغامدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی حکومت نےیمنی بھائیوں کی پکار پرکارروائی کی،ہمیں دشمن کی چال سے ہوشیار رہناہوگا، دشمن کی افواہوں پردھیان نہیں دیناچاہیے ۔