جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست لاہورہائیکورٹ کو ارسال
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کرنیکی درخواست پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے ندیم شبلی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج نے چیف جسٹس پاکستان بننا ہے، جسٹس منصور علی شاہ اب سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔جسٹس عابد حسین چٹھہ نے درخواست کسی دوسرے بینچ کے روبرو لگانے کے لیے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔واضح رہے کہ 23 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست پر اعتراض ختم کردیئے تھے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری جسٹس منصور علی شاہ کی تعیناتی کو متنازع بنا رہے ہیں۔درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ لاہور ہائی کورٹ حکومت کو جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔