فواد چوہدری نے قومی حکومت کے قیام کی تجویز دے دی
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قومی حکومت کے قیام کی تجویزدے دی اور کچھ عرصے کیلئے مشترکہ وزیراعظم لانےکا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں کچھ عرصےکیلئے قومی حکومت کاقیام ہوناچاہیے اور کچھ عرصے کیلئے مشترکہ وزیراعظم لانا چاہیے۔ سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ملک کیلئے ضروری ہیں، بانی پی ٹی آئی کو گرانےکیلئے عدالتی نظام کو ختم کردیا گیا ہے اور پاکستان کی معیشت، سیاست اور عدالت بٹھادی گئی۔ انھوں نے کہا کہ خیال یہ تھا ادارے ختم کردیں گے تو بانی کی مقبولیت ختم ہوجائے گی لیکن سروے کر کے دیکھ لیں بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت زیادہ ہے۔ سابق وزیر نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں اور پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی اور کمیشن بنناچاہیے، سپریم کورٹ کے سینئرججز کے ماتحت کمیشن بننا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بات چیت کرکےآگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی نے قدم بڑھایا ہے تو یہ اچھی بات ہے،حکومت پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں کریگی تو یہ اچھا نہیں ہوگا۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مذاکرات نہ کرنے سے ساری جماعتیں لانگ مارچ کرسکتی ہیں جو حکومت کیلئے اچھا نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد ملک کی صورتحال بدل جائے گی۔