امریکا پر بھروسہ نہیں کرنا چاہئے۔ جرمن چانسلر
برسلز ۔ 14 جنوری (اے پی پی) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے یورپی یونین کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی حمایت پر بھروسہ نہ کرے ۔ انجیلا مرکل نے برسلز میں اپنے ایک خطاب میں کہا کہ امریکا یورپ کا ایک روایتی شریک ہے لیکن واشنگٹن کے نقطہ نگاہ سے ہم یورپ والوں کے ساتھ تعاون کی کوئی مستقل ضمانت نہیں ہے - انہوں نے کہا کہ یورپ یوکرین میں اپنی سرحدوں پر جاری لڑائیوں میں الجھے رہنے کے ساتھ ہی پچھلے کئی عشرے سے بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے اور ان حالات میں دوسروں پر مستقل طور پر بھروسہ کرنا اور یہ توقع رکھنا کہ دوسرے، ہمارے علاقے کی مشکلات کو حل کریں گے، سادہ لوحی اور بچگانہ سوچ ہے - جرمن چانسلر نے امریکا کے بارے میں یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کے ساتھ امریکا کے تعلقات کو جاری رکھنے کے بارے میں ایک بیان دیا ہے - جرمن چانسلر نے یورپی یونین کے رکن ملکوں سے کہا کہ وہ برطانیہ کے ساتھ برگزیٹ کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات میں اپنے متحدہ محاذ کو مستحکم بنائیں رکھیں۔