چین اور روس کا جنوبی کوریا میں نصب کئے جانے والے امریکا کے تھاڈ میزائل سسٹم کا مقابلہ کرنےکے لئے مشترکہ تعاون کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ
بیجنگ ۔ 14 جنوری (اے پی پی) چین اور روس نے جنوبی کوریا میں نصب کئے جانے والے امریکا کے تھاڈ میزائل سسٹم کا مقابلہ کرنےکے لئے مشترکہ تعاون کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چین اور روس نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے اقتداراعلی ، ارضی سالمیت اور علاقے میں طاقت کے توازن کی حفاظت کریں گے اور وہ جنوبی کوریا میں امریکا کے تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کے مخالف ہیں ۔بیان میں چین اور روس نے امریکا اور جنوبی کوریا سے کہا ہے کہ وہ تھاڈ میزائل کو نصب کرنے کا اپنا پروگرام روک دیں ۔چین اور روس نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ علاقے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک علاقہ قرار د ئے جانے کی کوشش اور مذاکرات کے ذریعے اس مقصد تک پہنچنا چاہئے ، علاقے کے سبھی فریقوں سے کہا کہ وہ ایسے ہر اقدام سے اجتناب کریں جس سے کشیدگی پیدا ہوتی ہے ۔ اس درمیان جمعے کو چینی وزارت تجارت نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کے پیش نظر وہ آپٹیکل فائبرس جیسے سامان کی درآمدات پر سے کسٹم ختم کرنے کے قانون کی مدت میں آئندہ پانچ برسوں تک توسیع کررہی ہے ۔ امریکا اور جنوبی کوریا نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ رواں سال میں جنوبی کوریا کے شہر سﺅنگجو میں تھاڈ میزائل نصب کریں گے ۔ یہ سسٹم چین اور روس کے میزائل سسٹموں کی اطلاعات و معلومات اکٹھا کرسکتا ہے اور جاپان میں نصب امریکا کے میزائل سسٹم سے بھی رابطے میں رہ سکتا ہے ۔