وزیراعظم بننے پر لندن کے بزنس مین کی جانب سے عمران خان کیلئے منفرد مبارکباد
عمران خان کے وزیراعظم بننے کی خوشی میں برطانیہ کے ایک بزنس مین اشوانی کمار نے اپنی دکان کے باہر بینر لگا کر انہیں منفرد انداز میں مبارک باد پیش کی۔65 سالہ اشوانی کمار کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے، جنہوں نے 1947 میں تقسیم کے بعد گجرانوالہ سے بھارت ہجرت کرلی، جہاں اشوانی کمار کی پیدائش ہوئی لیکن وہ کم عمری میں ہی لندن آکر مقیم ہوگئے۔اشوانی کمار کی لندن کے جنوب مغربی علاقے رچمنڈ میں ایک گروسری کی دکان ہے، جس کے ساتھ وہ ڈرائی کلینر کا بھی کام کرتے ہیں۔عمران خان کے وزیراعظم بنتے ہی انہوں نے اپنی دکان کے باہر ایک بینر لگایا جس پر درج ہے، 'رچمنڈ کے داماد عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم بننے پر مبارک ہو'۔دکان کے باہر عمران خان کی کامیابی کا بینر مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا، جو راہ گیروں کو دور سے ہی نظر آجاتا ہے۔