چین نے امریکی پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہو ئے ایران سے تیل کی خریداری میں اضافہ کردیا
چین نے امریکا کی جانب سے ایرانی تیل پر عائد پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے وہاں سے خام تیل خریدنا شروع کر دیا ہے جس سے ایران کی ڈگمگاتی ہوئی معیشت کو نئی زندگی مل گئی ہے۔چین نے ایران سے کروڈ آئل خریدنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت پر کیا ہے جب فرانس کی ایک بڑی آئل کمپنی ٹوٹل سمیت اکثر یورپی کمپنیوں نے واشنگٹن کی جانب سے رد عمل کے خوف سے ایران میں سے اپنا کاروبار سمیٹنا شروع کر دیا ہے۔ایرانی تیل پر امریکی پابندیوں کا اطلاق نومبر سے ہو رہا ہے۔چین نے امریکا کے ساتھ تجارتی تنازع شروع ہونے کے بعد واشنگٹن سے امریکی خام تیل کی درآمد روک دی ہے اور کہا ہے کہ وہ یکطرفہ پابندیوں کے خلاف اور ایران کے ساتھ اپنے تجارتی رابطوں کے حق میں ہے۔خبررساں ادارے رائٹرز نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے کہا ہے کہ ایرانی تیل کے چینی خریداروں نے اپنی تقریباً تمام درآمدات کے لیے ایرانی آئل ٹینکر کمپنی این آئی ٹی سی کی جانب منتقل کر دی ہیں۔