برکھا رُت نے رخت سفر باندھ لیا،کہیں سورج نے بادلوں کی حکمرانی ختم کی تو کہیں سرد موسم بچھڑنے کو تیار ہے.

کالی گھٹائیں، بادل، بارش اور برفباری الوداع کہنے کوتیارہیں.لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات بھر جم کربرستے بادلوں نے ہر شے کو نکھاردیا، چمچماتے سورج نے پھول، پتوں، شجر پرآئی بہار کا روپ دوبالا کردیااور مست نظارے دلوں کو باغ باغ کررہے ہیں. بات کریں اسلام آباد اور راولپنڈی کی تو یہاں بادلوں کا جی ابھی بھرا نہیں، آسمان سے ٹپکی بوندیں ہجرکاغم غلط کررہی ہیں اوربھیگا بھیگاموسم اپنی دلفریب اداؤں سے بادلوں کے پاؤں کی زنجیر بنا ہوا ہے، برکھا رت اپر دیر لوئردیر اور ہزارہ ڈویژن سمیت خیبرپختونخوا کو الوداع کہنے کو تیارنہیں چلتے ہیں. بالائی علاقوں کی سیر کو جہاں برف پوش وادیاں اپنے حسن پراترا رہی ہیں. گلگت بلتستان،استور، چترال اور آزاد کشمیر میں آسمان سے اترتے روئی کے گالوں نے ہر شے کو برف سے ڈھانپ دیا ہے. سیاح حسین نظاروں کے اسیر ہوگئے ہیں اور لہو جمادینے والی سردی میں بھی سیر سپاٹے کررہے ہیں