سعودی عرب میں نوسرباز نے معمولی سرامک کا ٹکڑا 6 سو ریال میں فروخت کردیا
سعودی عرب میں نوسرباز نے سادہ لوح شخص کو معمولی سرامک کا ٹکڑا 600 ریال میں فروخت کردیا۔ سعودی اخبار کے مطابق ریاض میں یمنی نو سربازڈرائی کلیننگ کی دکان میں داخل ہوا جس نے ہاتھ میں آئی فون پکڑا ہوا تھا جسے اس نے دکاندار کو دکھاتے ہوئے کہا کہ اسے رقم کی اشد ضرورت ہے اس لئے بحالت مجبوری وہ اپنا آئی فون فروخت کرنا چاہتا ہے۔ اس نے دکاندار سے 1000 ریال طلب کئے۔ اس کا کہنا تھا کہ آئی فون بالکل نیاہے چند دن قبل ہی خریدا تھا مگر اب بعض مجبوریوں کے تحت فروخت کرنا چاہتا ہوں۔آئی فون کا سودا 600 ریال میں طے ہو گیا۔ نوسرباز نے رقم لی اور انتہائی مہارت سے دوسرا پیکٹ دکاندار کو دے کر فرار ہوگیا۔ اپنی دانست میں سستا سودا کر کے خوش ہونے والے دکاندار نے جب پیکٹ کھولا تو اس میں رکھا معمولی سرامک کا ٹکرا برآمد ہوا تھا۔ نوسرباز کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔