پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے 67 پیسے تک کی کمی
وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگر) کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے 67 پیسے تک کی کمی کردی، جس کا اطلاق یکم ستمبر 2019 سے ہوگا۔اس سلسلے میں نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 117 روپے 83 پیسے سے کم ہوکر 113 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔ساتھ ہی ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 132 روپے 47 پیسے سے کم ہوکر 124 روپے 80 پیسے ہوگئی۔