پی سی بی کے گورننگ بورڈ اجلاس میں ہونیوالے اہم فیصلوں کی تفصیل
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) گذشتہ روز گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بورڈ اراکین نے متفقہ طور پر ممکنہ چئیرمین نجم سیٹھی کو ملکی کرکٹ میں گراں قدر خدمات پر اعلی سول اعزاز سے نوازے جانیکی اس تجویز کو منظور کرتے ہوئے چئیرمین پی سی بی کو وزیراعظم پاکستان کو خط لکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کیمطابق آئندہ چند روز میں پاکستان کرکٹ میں شہریار خان کا کردار ختم ہو جائیگا وہ اپنا استعفی وزیراعظم کو بھجوا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے پندرہ روز میں کرکٹ بورڈ میں شہریار خان کی جگہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیں گے تاہم گھر جانے سے قبل وہ نجم سیٹھی کے اعلی سول اعزاز کے حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھ دیں گے۔ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں راولپنڈی ریجن کے صدر میجر ریٹائرڈ نعیم گیلانی کو ڈسپلن کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنیکی منظوری بھی دی گئی۔ بورڈ اجلاس میں ریجنل کوچنگ اور سپورٹ سٹاف کی تقرری تعیناتی اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے اسلام آباد ریجن کے صدر شکیل شیخ کی سربراہی میں بھی ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی کے اراکین میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر، سابق ٹیسٹ کرکٹر کبیر خان اور ثاقب عرفان شامل ہیں۔ اجلاس میں کرکٹ کمیٹی اور ڈومیسٹک کرکٹ کمیٹی کی ایک سب کمیٹی کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں نیشنل سٹیڈیم کراچی کی تزئین و آرائش کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پچز کی اپ گریڈیشن اور آوٹ ڈور جم کے لیے بھی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں موبائل کرکٹ کوچنگ کلینکس، جنرل باڈی میٹنگ کی بھی منظوری دی گئی۔