مارچ کے مہینے نے جاتے جاتے موسم بدلنے کی خبر سنادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن میں چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے، اسلام آباد،بالائی فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے گرم ترین مقامات سبی، میرپورخاص اورشہید بینظیرآباد رہے جہاں درجہ حرارت بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد،لاڑکانہ اوررحیم یارخان میں اکتالیس، ملتان اڑتیس، لاہور سینتیس، کراچی میں پینتیس جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں درجہ حرارت تینتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔