سعودی عرب کو فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی مل گئی
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز سعودی عرب کو فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا۔ سعودی عرب پہلی مرتبہ فیفا مینز ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا، سعودی عرب کے5 شہروں کے 15 مختلف اسٹیڈیمز ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کریں گے۔ اس کے علاوہ عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی کے ورچوئل کانگریس نے تصدیق کی ہے کہ 2030 کے ورلڈ کپ کی مراکش، اسپین اور پرتگال مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے، جنوبی امریکا میں بھی 2030 کے ورلڈکپ کے 3 میچز کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 4 اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔