ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی،حکومت کا مقدمے کی پیروی کا عزم
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ڈاکٹر عافیہ کے سلسلے میں سہولت کاری جاری رکھے گا۔ پاکستان عافیہ صدیقی کے مقدمے کی پیروی کے لیے پرعزم ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط کے بارے میں معلومات نہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا اور اپنے لوگوں کو محفوظ بنانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان پرامن طریقے سے بات چیت کے ذریعے سے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتا ہے تاہم بھارت کی جانب سے ہمیں اس خواہش کا اظہار نظر نہیں آتا۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری شہریوں سے بھارتی حکومت کی جانب سے جائیدادیں ہتھیانے کی مذمت کرتا ہے۔ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ کل اقوام متحدہ میں منظور ہونے والی قرارداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرارداد میں فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے انخلاء اور فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کی گئی ہے۔ دفترخارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈپلومیٹک کور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلام آباد کی سیکورٹی صورتحال پر ڈپلومیٹس کو بریفنگ دی۔ وزیرخارجہ نے سفیروں اور ان کے سفارتی مشنز کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اسحاق ڈار نے پاکستان میں موجود غیر ملکی افراد کی سیکورٹی کی بھی یقین دہانی کروائی۔ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور ون واٹر کانفرنس میں شرکت کی۔ وزیر اعظم نے 6 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس کے تحت آبی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ سمٹ کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد اور فرانس کے صدر سے ملاقاتیں کیں۔