جنگل میں بندروں کے ساتھ رہنے والی 8 سالہ لڑکی بازیاب
بھارتی ریاست اترپردیش میں جنگل میں بندروں کے ساتھ رہنے والی 8 سالہ لڑکی کو بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ لڑکی انسانوں کی طرح باتیں کر سکتی ہے نہ ہی اس کی دیگر سرگرمیاں انسانوں جیسی ہیں۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس لڑکی کو کٹارنیا گھاٹ والڈ لائف سینکچوئری میں معمول کی گشت کے دوران بندروں کے ایک گروپ کے ساتھ دیکھا اور جب اس نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو تمام بندروں نے اور ان کے ساتھ اس لڑکی نے بھی ایک ہی انداز میں چلانا شروع کر دیا تاہم پولیس اہلکاروں نے کافی کوشش کے بعد اس لڑکی کو پکڑ ہی لیا اور اسے ہسپتال منتقل کر دیا۔ یہ لڑکی کوئی زبان بول سکتی ہے نہ ہی سمجھ سکتی ہے بلکہ انسانوں کو دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتی ہے۔ وہ انسانوں کی طرح دو پاوں پر چلنے کی بجائے چاروں ہاتھ پاوں پر چلتی ہے اور انسانوں کی طرح ہاتھ سے نہیں بلکہ براہ راست منہ سے ہی کھانا کھاتی ہے۔ اب ہسپتال میں اس لڑکی کو انسانی طور طریقے سکھائے جا رہے ہیں لیکن اس کے سیکھنے کی رفتار بے حد سست ہے۔