متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان پہنچ گئے۔ شیخ محمد بن زید النہیان کے طیارے نے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا جہاں معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور استقبال کرنے وزیراعظم عمران خان خود ائیرپورٹ پر موجود تھے، انہوں نے مہمان کو خوش آمدید کہا جب کہ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نور خان ائیربیس سے مہمان کو لے کر روانہ ہوئے اور مہمان کو وزیراعظم ہاؤس لے جانے کے لیے مہمان کی گاڑی میں خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے اور گاڑی چلاکر وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوئے۔ یو اے ای کے ولی عہد کی پاکستان آمد پر انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ شیخ محمد بن زید النہیان ایک روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات پاکستان کیلئے تقریباً 12 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان کرے گا۔ ذرائع کے مطابق 3 سال میں پاکستان کو لگ بھگ ساڑھے 9 ارب ڈالر کا ادھار تیل،3 ارب ڈالر کا آسان شرائط پر قرضہ اور 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھوائے جائیں گے جبکہ مختلف شعبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری اس کےعلاوہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر تیل کی فراہمی کیلئے 1 سال کا معاہدہ ہوگا، بعد میں دوسال کی مزید توسیع ہوگی، امارات پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا آسان شرائط پر قرض بھی فراہم کرے گا، یواے ای کی طرف سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی منتقلی کا طریقہ کارطے ہونا باقی ہے۔ امارات سے مختلف شعبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری اس کے علاوہ ہوگی۔ متحدہ عرب امارات کو جنوری کے پہلے ہفتے میں تین ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنا تھے، جس میں تاخیر ہوئی تاہم اب ولی عہد کے دورہ پاکستان میں اس رقم کی منتقلی کا اعلان ہوگا۔ یو اے ای پاکستان کو تیل کے علاوہ سعودی عرب کے برابر مالیاتی پیکج فراہم کرے گا۔ امارات کے ولی عہد کا دورہ ایک روزہ ہو گا اور وہ اس ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورۂ پاکستان میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر دو طرفہ مذاکرات بھی ہوں گے۔ اماراتی ولی عہد کو وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جبکہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے معزز مہمان کو سلامی پیش کریں گے۔